321

خبردار، جنسی تعلقات کے ذریعے ڈینگی پھیلنے لگا

اسپین (ویب ڈیسک) : اسپین میں جنسی تعلقات کے ذریعے ڈینگی پھیلنے کا انکشاف ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈینگی سے متعلق خیال کیا جاتا تھا کہ یہ صرف مچھروں کے ذریعے ہی انسانوں میں منتقل ہوتا ہے لیکن حال ہی میں اسپین کے محکمہ صحت نے جنسی تعلقات کے ذریعے ایک شخص کے ڈینگی سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ جنسی تعلقات کے ذریعے ڈینگی کا مرض منتقل ہونے کا یہ اپنے آپ میں پہلا کیس ہے۔
اسٹاک ہوم میں قائم یورپین سینٹر فار ڈیزیز پری وینشن اینڈ کنٹرول، جو یورپ میں صحت اور بیماریوں پر گہری نظر رکھتا ہے، کی جانب سے ارسال کردہ ایک ای میل میں بتایا گیا کہ اسپین میں سامنے آنے والا کیس مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے والے مردوں میں ڈینگی کی منتقلی کا پہلا کیس ہے۔
اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے علاقائی محکمہ صحت کی ایک عہدیدار سوسن جیمنیز نے بتایا کہ میڈرڈ سے تعلق رکھنے والا ایک 41 سالہ شخص کیوبا گھومنے گیا جہاں اس نے ایک مرد کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے جو ڈینگی کا مریض تھا۔

اس تعلق کے نتیجے میں وہ بھی ڈینگی مرض میں مبتلا ہوگیا۔ 41 سالہ شخص میں ڈینگی کی تشخیص رواں برس ستمبر میں ہوئی تھی۔ ڈاکٹرز اس شخص کے حوالے سے حیرت میں تھے کیوںکہ کیوبا ان ممالک میں شامل نہیں جہاں فلو، تیز بخار اور جسم میں درد سے متعلق مختلف امراض عام ہوں۔ سوسن جیمنیز نے کہا کہ مرد اور عورت کے درمیان ڈینگی کے جنسی طور پر منتقلی کا ایک کیس جنوبی کوریا میں سامنے آچکا ہے لیکن وہ صرف امکانی حد تک تھا، اس کی باقاعدہ تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی بنیادی طور پر ”ایڈس ایجیپٹی” نامی مچھر کے ذریعے پھیلتا ہے جو گنجان آباد علاقوں میں واقع تالابوں میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ خیال رہے کہ ڈینگی جنوب مشرقی ایشیا، افریقہ، آسٹریلیا، کیریبین ممالک اور جنوبی و وسطی امریکہ میں پایا جاتا ہے۔ ڈینگی جیسے مرض نے 100 سے زائد ملکوں کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے اور اس مرض کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو پیٹھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں