339

پاک فوج کی کمان تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوگی

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوگی، سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ چھ برس بعد پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کریں گے۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق  تقریب میں سابق عسکری قیادت اور اعلیٰ فوجی افسران کے اہلخانہ بھی شریک ہوں گے، جنرل عاصم منیر پاکستان کے 17 ویں چیف آف آرمی سٹاف کا چارج سنبھالیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سربراہ کے طور پر 6 سال تک خدمات انجام دیں، اس سے قبل راولپنڈی کور کی کمانڈ سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔

جنرل عاصم منیر پاک فوج کے سینئر ترین تھری سٹار آفیسرہیں جو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں، انہوں نے آفیسرز ٹریننگ سکول منگلا سے تربیت مکمل کر کے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی ، دوران تربیت انہیں بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا ، تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کی فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔

جنرل عاصم منیر سب سے سینئر لیفٹیننٹ جنرل تھے، ستمبر 2018 میں انہیں دو سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی لیکن دو ماہ بعد چارج سنبھالا۔

جنرل عاصم منیر جو حافظ قرآن بھی ہیں، ان کی اسائنمنٹس کا جائزہ لیا جائے تو وہ مضبوط پروفائل کے ساتھ سامنے آتے ہیں، عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول پروگرام کے ذریعے سروس میں شامل ہوئے اور فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، وہ اس وقت سے موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف کے قریبی ساتھی رہے ہیں جب سے انہوں نے جنرل باجوہ کے ماتحت بریگیڈیئر کے طور پر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز میں فوجیوں کی کمان سنبھالی تھی جہاں اس وقت جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈر ایکس کور تھےجنرل عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں