487

آپ کی آنکھیں کیوں پھڑکتی ہیں؟

برمنگھم(اسلام آباداپ ڈیٹس) بعض اوقات ہماری آنکھ اچانک پھڑکنا شروع کردیتی ہے اور ہم حیران ہوتے ہوئے سوچتے ہیں کہ اسے کیا ہوا۔ ا گرچہ یہ کسی سنگین مسئلے کی علامت تو نہیں لیکن بہرحال آنکھ کا پھڑکنا آپ کو یہ پیغام ضرور دے رہا ہوتا ہے کہ آپ کی جسمانی صحت اور طرز زندگی سے متعلقہ کسی چیز میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ویب سائٹ ”وائرل نووا“ کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ آنکھ پھڑکنے کی دو بڑی وجوہات ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی ہوسکتی ہے۔ عام طور پر ذہنی دباؤ اور نیند کی کمی کا آپس میں تعلق بھی ہوتا ہے۔ وہ یوں کہ ذہنی دباؤ کے باعث آپ رات بھر بے چینی میں رہتے ہیں اور نیند پوری نہیں کرپاتے۔ اس صورت میں آنکھ کا پھڑکنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو زیادہ آرام کی ضرورت ہے۔ آپ ذہنی دباؤ سے نجات کیلئے اپنے طرز زندگی میں ضروری تبدیلیاں لاسکتے ہیں یا پھر رہنمائی کیلئے ماہر سائیکالوجسٹ سے مشورہ کرسکتے ہیں۔آنکھوں پر ضرورت سے زیادہ دباؤ بھی آنکھ پھڑکنے کی ایک وجہ ہوسکتا ہے۔ آج کل ہمارا طرز زندگی کچھ ایسا ہے کہ دفتر میں ہم لمبے وقت تک کمپیوٹر کی سکرین کو گھورتے ہیں اور پھر اپنے موبائل فون کی سکرین کو گھورنے میں بھی ہمارا بہت سارا وقت گزرتا ہے۔ جب ہماری آنکھیں اتنے لمبے وقت کیلئے کمپیوٹر یا موبائل فون کی سکرین پر مرکوز رہتی ہیں تو انہیں تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایسی صورت میں آنکھ کا پھڑکنا آپ کو پیغام دے رہا ہوتا ہے کہ آپ کی آنکھوں کو وقفے اور آرام کی ضرورت ہے۔اگر آپ چشمہ لگاتے ہیں تومعالج سے مشورہ کیجئے کیونکہ آپ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہوسکتی ہے یا اگر آپ چشمہ نہیں لگاتے تو ڈاکٹر سے معائنہ کرنے کے بعد آپ کو معلوم ہوسکتا ہے کہ آپ کو اس کی ضرورت ہے۔ خصوصاً اس بات کی احتیاط کریں کہ سونے سے قبل موبائل فون کا زیادہ استعمال مت کریں کیونکہ اس کی سکرین سے نکلنے والی روشنی کے باعث آپ جلدی سو نہیں پاتے اور نیند پرسکون بھی نہیں ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں